پنڈورا پیپرز: برطانیہ میں کتنے بلین پاؤنڈز کی جائیدادیں خریدی گئیں؟

8.jpg

پنڈورا پیپرز نے بڑا انکشاف کر دیا، صرف برطانیہ میں کتنے بلین پاؤنڈ کی جائیداد خریدی گئی اس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق پنڈورا پیپرز نے صرف برطانیہ میں آف شور کمپنیز کے ذریعے 1500 سے زائد پراپرٹیز خریدنے کا انکشاف کیا ہے جبکہ رپورٹ میں برطانیہ میں خریدی گئی پراپرٹیز کی قیمت کا تخمینہ 4 بلین پاؤنڈ سے زائد لگایا گیا ہے۔ پنڈورا پیپرز میں برطانیہ کی سیاسی جماعتوں کو عطیات دینے والوں کے نام بھی شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق 2016 میں اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے غیر ملکی کمپنیوں کو رجسٹر کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا جبکہ قانون کا مسودہ دو برس بعد شائع کیا گیا تھا جبکہ 2019 میں برطانوی ملکہ نے اپنی تقریر میں قانون کو تبدیل کرنے پر پیش رفت کا وعدہ بھی کیا تھا، تاحال یہ قانون برطانوی پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا گیا۔


دوسری جانب اس ضمن میں برطانوی حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ سخت قوانین کے نفاذ کے ساتھ منی لانڈرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، آف شور کمپنیز کے ذریعے برطانیہ میں پراپرٹیز رکھنے والے مالکان کو رجسٹر کرنے کا معاملہ جلد ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

برطانوی وزرا کا کہنا ہے کہ آف شور کمپنیز سے برطانیہ میں پراپرٹی کی خریداری کے حوالے سے نیا قانون بنایا جائے گا جس کے تحت ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹ (آئی سی آئی جے) نے پنڈورا پیپرز کے ذریعے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے مالی امور کی تفصیلات جاری کی تھیں، پینڈورا پیپرز میں پاکستانی سیاستدانوں، سابق فوجی افسران، ریٹائرڈ جنرلز اور ان کے اہلِ خانہ سمیت درجنوں پاکستانیوں کی آف شور کمپنیز کا انکشاف ہوا ہے۔
 

Back
Top