
پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب میں ہولڈ جمانے کو تیار ہے، صوبے کیلیے نیا پاور شیئرنگ فارمولا تیارکرلیا، جس کے تحت پنجاب میں چار وزارتیں اور چیئرمین سینیٹ کا عہدہ لیا جائے گا،گورنر پنجاب کا عہدہ مسلم لیگ ن کو دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب کابینہ میں چار وزارتیں لے گی، سنیئر وزیر کے لئے حسن مرتضی ٰ اور دیگر تین وزیروں کیلئے علی حیدر گیلانی، ممتاز چانگ اور مخدوم عثمان محمود کے نام فائنل کئے گئے ہیں، چیئرمین سینیٹ کے لئے سید یوسف رضا گیلانی کا نام تجویز کیا گیا ہے، پنجاب میں گورنر کا عہدہ مسلم لیگ ن کو دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کا وفد آج وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے اپنی تجاویز پیش کرے گا،جبکہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے سنیئر وائس چیئرمین اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے گھر پارٹی کے سنیئر رہنمائوں کو عشائیہ دیا گیا۔
عشائیہ میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، مخدوم احمد محمود، مخدوم حسن محمود،قمر زمان کائرہ، حسن مرتضیٰ شریک ہوئے،اس موقع پر پاور شیئرنگ فارمولے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے پنجاب میں گورنر اور سینیئر منسٹر شپ سمیت 3 وزارتیں مانگ لی ہیں، پارلیمانی لیڈرحسن مرتضٰی کا نام سینیئر منسٹر کے لیے تجویز کیا جا رہا ہے، مخدوم عثمان اور علی حیدر گیلانی کے لیے فنانس اور محکمہ زراعت کی وزارت کی ڈیمانڈ ہے۔