
سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے23 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد وفاق میں حکمران اتحاد متحرک ہوگیا ہے، آج وزیراعظم شہباز شریف کی آصف علی زرداری، چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی،جس کے بعد آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات ہوئی۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ماڈل ٹاؤن میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پنجاب کی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ق لیگ کےسربراہ چوہدری شجاعت حسین سے رابطے بڑھانے اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کا ٹاسک چوہدری شجاعت حسین کو سونپنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کی اجازت کے بغیر وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے رابطہ نا کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد آصف علی زرداری ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے ،آصف علی زرداری نے پنجاب کی سیاسی صورتحال میں حتمی فیصلے کو چوہدری شجاعت حسین کی رضامندی سے مشروط کرنے سے متعلق فیصلے سے ق لیگی قیادت کو آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ آج ہی کے دن وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ بھی پہنچے تھے، اس ملاقات میں وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی خیری دریافت کیاورموجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔