پشاور کے تاجروں کی بھتہ خوروں کی شکایت کیلئےعمران خان اور کورکمانڈر کو خطوط

imran-khan-bus-latter.jpg


پشاور میں بھتہ خوروں کی دھمکیوں اور حملوں سے پریشان تاجروں نے داد رسی کیلئے عمران خان اور کور کمانڈر پشاور کو خطوط ارسال کردیئے ہیں، صوبائی حکومت کی شکایت کی اور کور کمانڈر پشاور سے ملاقات کیلئے وقت مانگتے ہوئے اقدامات کی درخواست بھی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انصاف ٹریڈرز ونگ کی جانب سے لکھے گئے خطوط میں بھتہ خوروں کی دھمکیوں ، فون کالز اور گھروں پر دستی بموں کے حملوں کے حوالے سے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے خیبر پختونخوا خصوصا پشاورمیں بھتہ وصولی کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

انصاف ٹریڈرز ونگ کے رہنما عاطف حلیم نے کہا کہ بھتہ خوروں نے سابق صوبائی وزیر حاجی جاوید اور سینیٹر ہدایت اللہ کے گھروں پر دستی بموں سے حملے بھی کیے، بھتہ خوروں کی کارروائیوں کے باعث صوبائی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال غیر تسلی بخش ہوگئی ہے۔

عاطف حلیم نے موقف اپنایا کہ بھتہ نا دینے کے باعث2016 میں میرے والد کو بھی قتل کردیا گیا تھا، متعدد بار یہ معاملہ صوبائی حکومت کے نوٹس میں لائے ہیں مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا، صوبائی دارالحکومت کےشہری بھتہ خوروں اور اغواکاروں کے ہاتھوں یرغمال بن چکے ہیں۔