وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں وہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار نظر آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر چودھری پرویزالٰہی نے پیغام جاری کیا جس میں کہا کہ "پتہ نہیں کتنے دن ہیں، لیکن جتنے دن بھی رہیں گے عوام کی خدمت کریں گے۔اللہ تعالیٰ نیت دیکھ کر اجر دیتا ہے"۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ "ہر روز جائزہ لیتا ہوں کہ آج میں نے عوام کیلئے کیا کیا۔ جو کام رہ جاتے ہیں وہ اگلے دن کرنے کی کوشش کرتا ہوں"۔
یاد رہے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت مسلم لیگ ن کے نشانے پر ہے، بیرون ملک ہونے والے متعدد اجلاسوں کی جب اندرونی کہانی سامنے آتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ نواز شریف پنجاب حکومت حاصل کرنے کیلئے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔
جبکہ مسلم لیگ نون کے مقامی رہنما بھی اس حوالے سے کئی بار عندیہ دے چکے ہیں کہ پارٹی قیادت پنجاب حکومت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔