
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ امریکا پاک روس توانائی ڈیل روکنے کی کوشش کرے گا۔
پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو کے ساتھ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا شرمناک اور غرور بھرے لہجے میں ہر ملک کو روس سے تجارت کرنے سے روکتا ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکا نےحال ہی میں چین کو بھی دھمکایا ہے، جبکہ بھارت، ترکی اور مصر کو بھی دھمکیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاک روس توانائی ڈیل میں بھی حائل ہوگی، پاکستان سمیت دیگر ممالک کی اکثریت اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھتی ہے۔
لاروف کا کہنا تھا کہ ہم باخبر ہیں کہ مغربی ممالک کیا اقدامات کرسکتے ہیں، وہ صرف پابندیوں کی دھمکیاں ہی نہیں بلکہ دہشتگردی پر بھی اتر سکتے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی ممالک نارڈ اسٹریم ون اور 2 کو سبوتاژ کرنے جیسے اقدامات کرسکتے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے پاکستان کے ساتھ اپنے فوجی تعاون پر اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ مشقوں اور فوجی تربیت سمیت باقاعدہ فوجی رابطے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کا براہ راست تعلق افغانستان سے ہے، انہوں نے اس مقصد کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم بالخصوص افغانستان سے متعلق اس کے رابطہ گروپ کی صلاحیتوں کو استعمال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے پشاور کی مسجد میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عالمی تعاون پر زور دیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/oil-pakistan-russia-fm.jpg