
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو 'بھوک سے کوئی نہیں مرتا' کہنا مہنگا پڑگیا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے رہنما پیپلزپارٹی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اور پیپلزپارٹی کےسینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں کوئی بھی بھوک سے نہیں مرتا، ہمارے علاقے پوٹھوہار میں کوئی بھوک سے مرا ہو میں یہ مان ہی نہیں سکتا۔
راجا پرویز اشرف کو یہ بیان دینا اس وقت مہنگا پڑا جب ٹویٹر پر صارفین نے انہیں اس بیان پر آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا، رہنما تحریک انصاف اور سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے بھی راجا پرویز اشرف کے اس بیان پرر دعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو اپنی ہی دنیا میں چل رہے ہیں۔
وسیم اعوان نامی ایک صارف نے کہا کہ ان لوگوں کی بے حسی کا اندازہ لگائیں ، یہاں اس ملک میں روز آٹے کی لائینوں میں لگ کر لوگ مررہے ہیں۔
شفیق خان نامی صارف نے کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک بھی ہے جہاں چور حکمران اور ایماندار جیلوں میں ہے، یہ جوکر(راجا پرویز اشرف) بھی اس ملک کا وزیراعظم رہ چکا ہے۔
عاصم عباس اعوان نے راجا پرویز اشرف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھوک سے نہیں مرتا مگر لوگ اسی بھوک کے خوف سے آٹا لینے کی بھیڑ میں لگ کر مرجاتے ہیں۔
ڈاکٹر زین نے کہا کہ اندازہ لگائیں یہ لوگ حقیقت سے کتنا دور ہیں۔
قاری رزاق نے تمام حکمران جماعتوں کو ہی رگیدتے ہوئے کہا کہ کوئی بھوکا اس لیے نہیں مرتا کیونکہ رزق کی ذمہ داری اللہ نے لی ہوئی ہے، وگرنہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نےبہت زور لگایا ہے کہ کوئی زندہ نا رہے۔