پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرض جائزہ ملتوی کرنیکی درخواست کیوں کی؟

pk-imf1121.jpg


عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی جانب سے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام پر 12 جنوری کو طے شدہ نظرثانی ملتوی کرنے کی درخواست کو قبول کر لیا،ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اب جائزہ 28 یا 31 جنوری کو ہونے کا امکان ہے۔

حکومت نے متنازع ضمنی فنانس بل 2021 یعنی منی بجٹ،اسٹیٹ بینک بل 2021 کے ساتھ 30 دسمبر 2021 کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کے بعد 4 جنوری کو سینیٹ کے سامنے پیش کیا تھا،بلز کی منظوری اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ملک کی 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت کے چھٹے جائزے کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری مل جائے۔

دوسری جانب حکومت کا پہلے یہ ارادہ تھا کہ 12 جنوری کو ہونے والے آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس سے پہلے دونوں بلز منظور کرالیے جائیں،اگر پارلیمنٹ منظور کرلیتی ہے تو منی بجٹ خصوصاً سیلز ٹیکس استثنیٰ واپس لے کر 3 کھرب 43 ارب روپے کی اضافی آمدنی پیدا کرے گا جو کہ مجموعی ملکی پیداوار کے 0.6 فیصد کے برابر ہے۔


وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس بات کو مسترد کر دیا کہ نئے ٹیکس اقدامات کی نوعیت مہنگائی والی ہے اور ٹیکس استثنیٰ واپس لینے اور بڑی تعداد میں اشیا پر سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے سے قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

قانون سازی کے اقدام پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا، چیئرمین سینیٹ نے ضمنی مالیاتی بل کو سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ کو بھجوا دیا تھا اور تین دن میں سفارشات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تھی۔

ڈان اخبار نے 2 جنوری کو وزارت خزانہ کے ایک سینئر اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ آئی ایم ایف نے ایک ارب ڈالر کی قسط کی راہ ہموار کرنے والی نظر ثانی کے لیے کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی،پاکستان کا جائزہ اب بھی 12 جنوری کو ہونے والے آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، جس کے لیے وزارت خزانہ نے پہلے ہی مطلوبہ دستاویزات ارسال کردی ہیں۔

عہدیدار نے بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرتا ہے اور پاکستان نے جائزہ ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے،حکومت کو توقع ہے کہ 28 یا 31 جنوری کو ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے قبل منی بجٹ کو پارلیمانی منظوری مل جائے گی جو کہ قرض پروگرام کی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کی بنیادی شرائط میں سے ایک ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کو پورا یقین ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ قرض پروگرام کی بحالی کے لیے منظوری دے گا،ضمنی مالیاتی بل 2021 پر بحث کے دوران سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اراکین نے متفقہ رائے کا اظہار کیا کہ مجوزہ ٹیکس اقدامات سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

پاکستان کیلیے قرض کے اجرا سے متعلق آئی ایم ایف کا اجلاس بارہ جنوری کو ہوگا،اجلاس میں پاکستان کی قرض بحالی کا ایجنڈا پیش نہ ہونے کا امکان ہے، آئی ایم ایف پاکستان مشن کے سربراہ کی تبدیلی کے باعث پاکستان سے متعلق جائزہ پیش نہیں ہوگا۔
 

Back
Top