
پاکستان اسٹیل ملز میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کا انکشاف ہوا ہے، تقریبا 10 ارب روپے کا میٹریل غائب ہوگیا۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو ایک خط لکھا ہے جس میں پاکستان اسٹیل ملز کے مختلف محکموں میں چوری سے متعلق انکشاف کے بعد تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مختلف محکموں بشمول مین پلانٹ میں چوری کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے، ادارے کی اندرونی تحقیقات کے دوران سینئر انتطامی افسران اور سیکیورٹی عملے کی ملی بھگت کے بھی ثبوت ملے ہیں، جس کے شواہد فراہم کردیئے گئے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 27 جولائی کی رات کو 50 چوروں کا ایک گروہ پلانٹ ایریا میں گھس گئے اور اربوں روپے مالیت کی اشیاء چرالیں جن میں تانبہ اور قیمتی وائرز شامل ہیں، اسٹیل ملزمیں ہونے والی ایسی چوریوں میں سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ اور مستقل ملازمین خاموش تماشائی بنے رہے۔
وزارت صنعت و تجارت نے ایف آئی اے سے استدعا کی ہے ان چوریوں کی اعلی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں اور انتظامی و مالی بے قاعدگی ، غفلت اور چوریوں کی سہولت کاری میں ملوث ملازمین اور افسران ، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کے خلاف شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور قومی اثاثوں کو لوٹنے والے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔