
پاکستانی فری لانسرز نے آئی ٹی کے شعبے میں کروڑوں ڈالر کما کر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں پاکستانی فری لانسرز نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے آئی ٹی کے شعبے میں 10 کروڑ 58 لاکھ ڈالرز کما کر نیا ریکارڈ بنایا ہے، گزشتہ برس اس عرصے میں فری لانسرز نے8 کروڑ72 لاکھ ڈالرز کمائے تھے۔
امین الحق نے مزید کہا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال میں فری لانسرز کی آمدنی میں 21 اعشاریہ37فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر آئی ٹی ایکسپورٹس کا حجم63کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا، اس میں سے 16 اعشاریہ68 فیصد حصہ فری لانسرز کا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنے شعبے میں آئی ٹی فری لانسرز کی شاندار کارکردگی مبارکباد کی مستحق ہے، مجھے امیدہے کہ ایک وقت میں آئی ٹی ایکسپورٹس میں فری لانسرز کا حصہ 16 فیصدسے بڑھ کر 50 فیصد تک پہنچ جائے گا، اربوں کی اس عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی آئی ٹی کمپنیاں اور فر ی لانسرز اپنا حق لینے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں
واضح رہے کہ کچھ روز قبل مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا تھا کہ جولائی تاستمبر آئی ٹی اور اس کی خدمات کی برآمدات میں42فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال آئی ٹی اور خدمات کی برآمدات445 ملین ڈالر تھیں۔
عبدالرزاق داؤد کے مطابق رواں مالی سال آئی ٹی شعبے کی برآمدات 635 ملین ڈالر کی رہیں۔امید ہے رواں مالی سال آئی ٹی برآمدات ہدف سے زیادہ ہوں گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/it-exports-freelances.jpg