
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی دکھانے والی بھارتی ٹیم میں اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں ۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ میں مسلسل شکست کے بعد بھارتی ٹیم ایونٹ سے آؤٹ ہونے کے دہانےپرکھڑی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کی بدترین کارکردگی کی وجہ ٹیم میں کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات ہیں۔
بھارتی مبصرین اور کرکٹ ایکسپرٹس کا بھارتی کارکردگی کے حوالے سے کہنا ہے کہ ایونٹ میں جوش اور ولولے سے میدان میں اترنے کے بجائے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں کے چہرے اترے ہوئے اور اداسی سے اٹے ہوئے تھے، ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم کسی شدید دباؤ کا شکار ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ جارحانہ بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں کی موجودگی میں ٹیم کی جانب سے 71 گیندوں پر ایک بھی باؤنڈری نہ ملنا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے،اسی طرح کپتان کے کچھ فیصلوں پر بھی مبصرین کو تشویش ہوئی ہے۔
مبصرین کے مطابق سینئر کھلاڑی روہت شرما سے اوپننگ نہ کروانا اور مشہور اسپنر ایشون کو پلینگ الیون میں شامل نہ کرنے کے ویرات کوہلی کے فیصلے سمجھ سے بالا تر ہیں۔
انگلینڈ کے سابق کرکٹر نے اپنی ٹویٹ میں اس حوالے سے انکشاف کیا کہ ویرات کوہلی کی مرضی سے ہی ایشون کو ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا، کیا یہ کپتان کے اختیارات ہیں؟
https://twitter.com/x/status/1454846823353487363
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی جانب سے ایونٹ کے بعد کپتانی سے استعفیٰ دینے کا اعلان بھی سامنے آیا ہے مگر ذرائع کا کہنا ہے بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔