ٹرافی ٹور، آئی سی سی نے بھارتی دباؤ میں نیا شیڈول جاری کردیا

Trophy.jpg

بھارت کے دباؤ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹرافی ٹور سے اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد کو نکال دیا، جس کے بعد ٹور کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

آئی سی سی کے ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق ٹرافی کا سفر آج اسلام آباد سے شروع ہوا، جو 25 نومبر تک مختلف شہروں میں جاری رہے گا۔ نئے منصوبے کے تحت ٹرافی کو ٹیکسلا، خان پور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی میں لے جایا جائے گا، جبکہ 22 سے 25 نومبر کے دوران ٹرافی کی نمائش کراچی میں ہوگی۔

یہ تبدیلی بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے اعتراضات کے بعد سامنے آئی، جن میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ٹرافی کو آزاد کشمیر کے شہروں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں نہ لے جایا جائے۔ حالانکہ یہ علاقے آئی سی سی کے پہلے منظور شدہ شیڈول کا حصہ تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اعتراضات ناجائز ہیں اور آئی سی سی کی جانب سے دباؤ قبول کرنا مایوس کن ہے۔ پی سی بی ذرائع نے نشاندہی کی کہ بھارت نے حالیہ 2023 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ٹرافی کو لداخ جیسے متنازع علاقے میں لے جا کر اپنی مرضی مسلط کی، لیکن پاکستان کو اسی طرح کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

یہ فیصلہ کرکٹ شائقین اور ماہرین کے درمیان غم و غصے کا باعث بنا ہے، جو اسے کھیل پر سیاست کے اثرات کی ایک اور مثال قرار دے رہے ہیں۔ اس معاملے نے کھیل کے غیرجانبدار ہونے کے اصول پر سوالات اٹھا دیے ہیں، اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے حوالے سے نئے تنازعات کو جنم دے دیا ہے۔
 
Last edited:

Back
Top