
وفاقی وزراء کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف جاری سوشل میڈیا پر گھٹیا مہم پر تشویش کا اظہار، وزیر برائے انسدادِ منشیات اعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیملی پر ذاتی حملے کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں آئندہ سندھ میں ہونے والے انتخابات سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزراء نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے خلاف جاری مہم اور ٹرینڈ پر تشویش کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر برائے اینٹی نارکوٹکس اعجاز شاہ اس معاملے پر آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ میں خود بھی انٹیلی جنس بیورو کا سربراہ رہ چکا ہوں، کبھی منتخب وزیر اعظم کے خلاف ایسی مہم نہیں دیکھی۔
کابینہ اراکین نے سوشل میڈیا پر عمران خان کے خلاف جاری مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور فیملی پر ذاتی حملے کسی صورت بھی تہذیب یافتہ معاشرے کی عکاس نہیں ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء نےسخت قوانین کے نفاذ پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے بھی سوشل میڈیا پر ایسے ٹرینڈ پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے روک تھام کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے معاملے پر کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا، تاہم کابینہ اراکین نے مخالفت کرتے ہوئےکمیٹی بنانے کی تجویز مسترد کر دی۔
اس موقع پر کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ سندھ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، اس معاملے پر پہلے ہی مخالفت کا سامنا ہے، کالا باغ کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دینے کا مناسب وقت نہیں ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8pmikkhilamohimijazshah.jpg