
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد اور حکومت کو ہٹانے کی وجوہات بتادیں، شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے تحریک عدم اعتماد ہی راستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد عوام کامطالبہ ہے، اپوزیشن عوام کے فیصلے پر عمل کر رہی ہے، ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے تحریک عدم اعتماد ہی راستہ ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہے ،معیشت کی بحالی، عوام کو مہنگائی سے نجات، ریلیف دینے کے لئے حکومت کو ہٹانا لازمی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی غلط پالیسیز اور فیصلوں سے معیشت اور ملک کی بنیادوں میں جو لینڈ مائنز بچھائی ہیں وہ صاف کرنا پڑیں گی، گالیاں تحریک عدم اعتماد کا راستہ نہیں روک سکتیں، ایسا رویہ وزیراعظم کی گھبراہٹ کا ثبوت ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے دعوی کیا کہ آنے والے دنوں میں عمران نیازی مزید گھبرائیں گے اور قوم کی گھبراہٹ کم ہوتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ناسمجھ گفتگو ملک کیلئے گھبرانے والی بات ہے۔ عمران نیازی ملک کی ساکھ خراب نہ کریں۔