
صحافی و اینکر پرسن اطہر کاظمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے پاس اب کرنے کو کچھ نہیں ہے، وزیراعظم کومصروف رکھنے کیلئے انہیں سی ڈی اے کا اضافی چارج دیدیاجائے۔
تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے اطہر کاظمی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے پنجاب میں داخلے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی حکومت اس وقت صرف اسلام آباد کی حد تک محدود ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ اب ان کے پاس کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے، میرا خیال ہے شہباز شریف صاحب کو سی ڈی اے کا اضافی چارج دیدیں تاکہ وہ وہاں جاکر صبح کوئی اجلاس وغیرہ بلالیا کریں۔
اطہر کاظمی نے کہاکہ کسی ایک صوبے میں ان کی حکومت نہیں ہے، کوئی ایک وزیر اعلی ان کا اپنا نہیں ہے، کہیں پر وہ اپنی مرضی کا آئی جی نہیں لگواسکتے،ہاں ایس ایچ او تبدیل کرسکتے ہیں ، یا اسلام آباد کےپٹواریوں کا اجلاس بلالیا کریں۔
انہوں نےکہا کہ جہاں تک مریم نواز کے بیانیے کا تعلق ہے تو مریم بی بی کو مسلم لیگ ش سے مسئلہ ہے،وہ چاہتی ہیں جیسے مسلم لیگ ن سسٹم سے آؤٹ ہوئی ہے ایسے ہی مسلم لیگ ش بھی آؤٹ ہوجائے، وہ ہرمعاملے میں خود کو اور اپنے والد کو لے کر آجاتی ہیں اور اپنی مظلومیت کا رونا روتی رہتی ہیں۔