
کراچی یونیورسٹی کے قریب چینی باشندوں پر خود کش حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں موجود تمام چینی باشندوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے یہ احکامات اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے دورے کے موقع پر سامنے آئے، وزیراعظم نے چینی سفارتخانے دورے کے موقع پر چین کے ناظم الامور سے ملاقات کی اور جامعہ کراچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جنگ پنگ کیلئے ایک خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم اس وقت پاکستان کے آئرن برادرز پر اس وحشیانہ حملے پر صدمے میں ہے، ہم چینی حکومت ، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے،اس واقعہ کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں، جلد مجرمان کو عبرت کا نشان بنائیں گے اور چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے سے لٹکائیں گے۔
وزیراعظم نےوزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں اور ملک میں موجود دیگر چینی باشندوں سمیت غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
Last edited: