
ڈاکٹر شہباز گل نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس رابطے میں وزیراعظم نے ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے جہانگیرترین سے فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی تھی۔
شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم اور جہانگیر ترین پرانے ساتھی اور دوست ہیں وہ کبھی بھی ایک دوسرے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ معاون خصوصی نے عمران خان کے حالیہ دورہ روس سے متعلق کہا کہ وہاں شاندار استقبال کیا گیا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ روس کے ڈپٹی نائب وزیر خارجہ کے الفاظ میرے لیے باعث فخر ہے، روسی ڈپٹی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پیوٹن عمران خان کا بہت احترام کرتے ہیں، ہم نے تعلقات میں بہت دیر کر دی اور کہا کہ عمران خان بہترین فیصلہ ساز ہیں۔
دورہ روس سے متعلق انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزادانہ پالیسی بنانے والےکواس کی قیمت بھی چکانا پڑتی ہے عمران خان کو جانتا ہوں صرف ملکی مفاد دیکھتے ہیں ملکی مفاد کیلئے کچھ بھی قیمت ہو وزیراعظم دینے کیلئے تیار ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ روس کا دورہ وزیراعظم نے خاص پاکستان اور عوام کیلئے کیا۔ عمران خان کو نظر آرہا ہو کہ ملکی مفاد ہے تو بال کیسے بھی کرانی ہو کراتے ہیں وہ کبھی دباؤ برداشت نہیں کرتے آزادانہ فیصلے کرنے والا شخص کبھی دباؤ برداشت نہیں کرتا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/khan-and-gill-jkt.jpg