
وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر ہاؤس کی آڈیو لیک کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
سرکاری سطح پر جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہی طلب کیا ہے، اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیراطلاعات ونشریات، وزیر خزانہ سمیت اہم وزراء اور اعلی عسکری قیادت شریک ہوگی۔
اجلاس میں ملک سیلاب کے بعد کی صورتحال ، ملکی داخلی و خارجی سیکیورٹی معاملات پر بات چیت ہوگی، اجلاس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ ملک کی سول و عسکری قیادت کی اس بیٹھک میں اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم آفس کے اندر ہونے والی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ لیک ہونے کا معاملہ بھی زیر غورآئے گا۔
واضح رہے کہ 1 روز قبل وزیراعظم آفس میں ہونے والی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ منظر عام پر آئی ہے، جس کے بعد ملک میں ایک موضوع زیر بحث آگیا ہے، ملک کے سب سے بڑے سول آفس کے اندر ہونےو الی گفتگو کی ریکارڈنگ ہونے اور بعدمیں لیک ہوجانے کے بعد سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھائے جارہے ہیں۔