
نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ لندن میں نوازشریف کے مشورے سے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کی اور کہا کہ یہ چاہیں جتنی مرضی ملاقاتیں کر لیں آخری فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف ہی کریں گے اور کہا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ میں موجود سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے مشورے سے کریں گے۔ عمران خان عوام کی فلاح چاہتے ہیں تو انہیں خیرپور ناتھن شاہ چلے جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر توانائی نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان میں بجلی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، دادو گرڈ اسٹیشن کو سیلاب سے خطرہ تھا تاہم اس کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ بجلی کا نظام مکمل بحال کردیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے ایک کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا کی جانب سے وضاحت جاری کر دی گئی ہے کہ نیٹ میٹرنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی اور نیپرا حکومت سے تعاون کرتی ہے، 10 ہزار سولر پینل کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جن کا نیٹ میٹرنگ سے کوئی تعلق نہیں، 600 میگا واٹ کے پہلا شمسی توانائی کے پلانٹ کی جلد بڈنگ کروائی جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر توانائی نے بتایا کہ نیٹ میٹرنگ نظام میں جن شہریوں کے گھر سولر پینل لگے ہیں ان کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی، ماہ اکتوبر سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں کمی کر دی جائے گی جبکہ رہنما ن لیگ مریم نوازشریف کے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے اختلاف کا سوال کیا گیا تو وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نوازشریف ہماری پارٹی کی نائب صدر ہیں اور کسی بھی سیاسی جماعت میں اختلاف رائے تو ہوتا ہے۔
دریں اثنا نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز میں ابھی تک کوئی ترامیم نہیں کی گئیں، ریگولیشنز میں ترامیم سے متعلق آرا ضرور مانگی ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مجوزہ ترامیم نیٹ میٹرنگ سے متعلق اضافی بجلی پر لاگو کرنے سے متعلق ہیں اور نیپرا حکومت کے سولر انرجی کے فروغ سے متعلق اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے، نیٹ میٹرنگ سے متعلق عوامی آراء کو خوش آمدید کہیں گے۔