وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے مابین ٹیلی فونک رابطہ

bill.jpg


وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں اور غذائیت و مالی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے فاوٴنڈیشن کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس سال وائلڈ پولیو وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا، حکومت ملک میں ہر قسم کے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ بل گیٹس نے پولیو کی روک تھام کے لیے کوششوں پر وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی اور انہیں پولیو کے خاتمے کے لیے پروگرام اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔


وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور دونوں نے افغانستان میں پولیو مہم دوبارہ شروع ہونے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے، اسے مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بل گیٹس افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کریں۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کا پاکستان کے ساتھ فاوٴنڈیشن کی قیمتی شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔