
وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مابین خطوط کا تبادلہ، افغانستان سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کا دعویٰ ہے کہ دفتر خارجہ کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم شہبازشریف کو منصب سنھبالنے کے بعد خط بھیجا جس میں مبارکباد کے علاوہ مختلف اہم موضوعات پر بات کی گئی ہے۔
روسی حکومت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنےکی خواہش کا اظہارکیا گیا ہے اس کے علاوہ افغانستان میں موجودہ صورتحال پر بھی بات ہوئی ہے۔ مبارکباد کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات استوار کرنے کا عمل نئے سیاسی نظام کے تحت جاری رہے گا۔
اس خط کے جواب میں شہباز شریف نے بھی روسی صدر کو جوابی خط لکھا اور ان کا شکریہ ادا کیا، دفتر خارجہ کے حکام نے بتایا کہ بدلتی ہوئی علاقائی اور بین الاقوامی صف بندی کو مدنظر رکھتے ہوئے روس کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ طویل عرصہ قبل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں روسی سفارت خانے نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر 12 اپریل کو وزیر اعظم شہباز کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے اس الزام کے پس منظر میں کہ ان کی حکومت سے بے دخلی روس سے متعلق ان کے موقف کی وجہ سے ہوئی جس نے خطے میں امریکی مفادات پس پشت ڈال دیا دونوں ممالک کے بیچ حالیہ ربط اسی تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5shehbazputinletter.jpg