
وزارت خزانہ نے ڈیڑھ کروڑ سے زائد ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نادرا سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اعلان وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ جی ڈی پی کے لحاظ سے ہماری ٹیکس آمدنی کی شرح بہت کم ہے، ملک میں ایک کروڑ 80 لاکھ افراد ٹیکس دینے کے اہل ہیں مگر صرف 20 لاکھ افراد ٹیکس دہندگان ہیں، ٹیکس نہ دینے والے 1کروڑ 60 لاکھ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے نادرا سے ڈیٹا حاصل کررہے ہیں جس پر مزید کام بھی ہورہا ہے، ٹیکس آمدنی سے ملک میں جاری اخراجات پورے کیے جاتے ہیں، مگر 15 ملین سے زائد لوگ اس ملک میں آمدن سے کم ٹیکس دیتے ہیں ، جب تک ٹیکس ریونیو نہیں ہوگا ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کرسکے گا۔
شوکت ترین نے کہا کہ عوام ٹیکس دیں اسی لیے ٹیکس ڈائریکٹری بھی جاری کرتے ہیں، کم ٹیکس دینے والوں کو نوٹسز جاری کررہے ہیں ، ہمارا رویہ یہ ہونا چاہیے کہ سب نے لازمی ٹیکس دینا ہے، ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے، ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے اراکین پارلیمنٹ سے شروعات کی ہیں، ٹیکس ڈائریکٹر میں شفافیت لانے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔
وفاقی حکومت اور صوبے الگ الگ ٹیکس اکھٹا کرتے ہیں تاہم ان دونوں حکومتوں کے ٹیکس اداروں میں ہم آہنگی ہونی چاہیے تاکہ یہ ادارے ٹیکس کیلئے ہراساں کرنے والے ادارے بننے سے بچ سکیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9tareentaxiqdamat.jpg