واپڈا کااپنے نام سے قائم غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کےخلاف کارروائی کااعلان

11wapdaaellalnskjs.png

ملک بھر میں غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کا جال تو پہلے ہی پھیلا ہوا ہے اب انکشاف ہوا ہے کہ مختلف سوسائٹیاں واپڈا کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایسی ہائوسنگ سوسائٹیوں کا انکشاف کیا گیا ہے جو غیرقانونی طور پر واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کا نام استعمال کر رہی ہیں۔

واپڈا کی طرف سے ایسی سوسائٹیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا گیا ہے جو ادارے کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ واپڈا کی طرف سے قانونی کارروائی کرنے کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اور رجسٹرار کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز سے رابطہ کیا گیا ہے اور بڑے بڑے شہروں میں ایسی سوسائٹیز کے نام بھی جاری کیے گئے ہیں جو واپڈا کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کر رہے ہیں، یہ سوسائٹیاں واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے نام سے کام کر رہی ہیں۔

واپڈا کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کرنے والی ہائوسنگ سوسائٹی میں واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا، قصور، اسلام آباد اور واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی لمیٹڈ بھی شامل ہے۔ واپڈا ایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی لمیٹڈ پشاور، کوئٹہ اور کراچی کی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں واپڈا ورکرز اینڈ آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی حیدرآباد، کے پی آئی کراچی اور واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی (سدرن زون) بھی شامل ہیں۔

واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ ادارے کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کرنے والی سوسائٹیوں میں واپڈا سٹی گوجرانوالہ اور فیصل آباد بھی شامل ہیں، ان سوسائٹیز میں لوگوں کے سرمایہ کاری کرنے کی صورت میں کسی بھی نقصان ہونے یا واجبات کی ادائیگی کے لیے واپڈا ذمہ دار تصور نہیں ہو گا۔ حکام کے مطابق صرف واپڈا ٹائون کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی لاہور واپڈا کا نام استعمال کرنے کی مجاز ہے۔

واپڈا حکام کے مطابق واپڈا ٹاؤن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور کے علاوہ ملک کے کسی بھی حصے میں موجود کسی بھی ہائوسنگ سوسائٹی کا واپڈا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ واپڈا کا نام استعمال کرنے والی ایسی کسی بھی ہائوسنگ سوسائٹی یا فرد کی طرف سے واپڈا کا نام استعمال کرنا عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 

Back
Top