
ن لیگ کے میاں جاوید لطیف کا 30 سے 35 حکومتی اراکین اسمبلی نے آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کیلئے ن لیگ سے رابطوں کا دعویٰ، فیصل واوڈا کا دلچسپ ردعمل
مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے ایک پروگرام کے دوران پارلیمنٹ میں حکومتی اراکین کی تعداد کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے، اس دوران تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے ایک پرچی لکھ کر ندیم ملک کو تھما دی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے پروگرام لائیو ود ندیم ملک میں کل ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور نمبر گیم کے حوالے سے بات ہورہی تھی، اس موقع پر ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 30 سے 35 ارکان اسمبلی آئندہ انتخابات میں ٹکٹ کے حصول کیلئے ن سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب ان لوگوں پر اگر خفیہ قوتوں کا دباؤ نہ پڑا اور اگر خفیہ ہاتھ کل نہ چلا تو حکومت کو انتخابی اصلاحات کے بل پر 30 سے 35 ووٹوں سے شکست ہوجائے گی۔
جاوید لطیف کی گفتگو کے دوران پروگرام میں ان کے ساتھ بیٹھے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے ٹیبل پر پڑے ایک کاغذ میں سے ایک پرچی پھاڑی اور اس پر کچھ تحریر کرنے کے بعد پرچی تہہ کرکے پروگرام کے میزبان ندیم ملک کو تھمادی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ پرچی آپ کے پاس میری امانت ہے اور اسے آپ نے کل کھولنا ہے اس سے پہلے آپ نے اس پرچی کو نہیں کھولنا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/javed-latif-wavda-112h2.jpg