
ملک بھر میں الیکشن کی دھوم مچی ہوئی ہے,عدالتی حکم کے مطابق چودہ مئی کو الیکشن ہونے ہیں ایسے میں پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب میں عام انتخابات کے لیے کسی امیدوار کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت نے فیصلہ کیا ہے لیگی امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی فی الحال واپس نہیں لیے جائیں گے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ 14 مئی کے انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا مؤقف بڑا واضح ہے۔
لیگی قیادت نے فیصلہ کیا کسی امیدوار کے ٹکٹ اور شیر کے نشان کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی جائے گی۔ واضح رہے کہ الیکشن شیڈول کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو پارٹی نشان الاٹ کرنے ہیں۔
لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے مسلم لیگ ن نے پنجاب الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ امیدواروں کو ٹکٹیں جاری نہیں کی ہیں۔ سپریم کورٹ میں ہمارا مؤقف ہے 14 مئی کے الیکشن کو نہیں مانتے۔ بائیکاٹ اس وقت ہوتا ہے جب امیدوار کاغذات واپس لے لیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی297 جنرل نشستوں کے لیے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے,پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تمام 297 نشستوں پر ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں،پنجاب کے چاروں ریجن میں اپیل کمیٹیاں بھی بنا دی گئی ہیں, ٹکٹ پر نظرثانی کیلئے اپیل دائر کی جا سکتی ہے، تمام اپیلوں پر حتمی فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے رد عمل میں کہا کہ فوادصاحب! کتنا مال اکٹھا کیا وہ بھی بتادیں؟ملاقات کا کروڑ روپیہ اور ٹکٹ کتنے میں بیچا؟ جنہیں ٹکٹ نہیں دیا ان بے چاروں کے پیسےواپس کریں، گھڑی،سینیٹ کی سیٹ،پارٹی ٹکٹ بیچنی ہو تو عمران خان اچھے سیلز مین ہیں۔