
سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں ایک 9سالہ بچی کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کے ملزم اتائی ڈاکٹر کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرجانی ٹائون کے علاقے لیاری تیسر ٹاؤن سیکٹر 50 ایف میں 9سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کرنے والے اتائی ڈاکٹر کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کے سرجانی ٹائون پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
متاثرہ لڑکی کی والدہ نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ 16 جولائی کو 2 بجے دوپہر اپنی بیٹی (ح) کو محلے کی دکان سے کچھ سامان لینے کے لیے بھیجا تھا، کچھ دیر گزر گئی لیکن میری بیٹی وہاں سے واپس نہیں آئی۔ محلے کے لوگوں نے اسی دوران گھر آکر اطلاع دی کہ میری بیٹی کو محلے کا رہائشی برکت نامی شخص ایک مکان میں لے گیا ہے جس پر وہاں لوگ جمع ہو گئے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ جب ملزم برکت کے سیکٹر 50 ایف میں واقع گھر پہنچے تو دیکھا کہ محلے داروں نے اسے پکڑ رکھا ہے اور میری بیٹی بھی وہاں پر موجود تھی جس نے بتایا کہ اس نے میرے ساتھ غلط حرکت کی ہے۔ محلے کے کسی شخص نے 15 مددگار پولیس کو اطلاع دی تھی وہ بھی موقع پر پہنچ گئے اور برکت کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
متاثرہ بچی کے بیان کے مطابق برکت نامی اتائی ڈاکٹر نے اسے زبردستی پکڑ کر بے ہوش کیا اور پھر زیادتی کا نشانہ بنایا، جب مجھے ہوش آیا تو میرے کپڑے میرے جسم پر موجود نہیں تھے۔ واقعہ کے بعد مشتعل علاقہ مکینوں نے مبینہ ملزم اتائی ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا، خاتون کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے ۔
سرجانی ٹائون تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر اخلاق احمد کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا جا رہا ہے جس کی رپورٹ سامنے آنے پر صورتحال مزید واضح ہو گی۔ گرفتار ملزم کو مقدمہ کی مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/bacchi1h11.jpg