
سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے وزیراعظم کے تنقیدی بیان کے بعد انہیں جیلوں میں قید ملزمان کے حقوق بھی چھین لینے چاہئیں، وزیراعظم کی تقریر ایک سیاسی مخالف کی تقریر ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام "رپورٹ کارڈ" میں میزبان کی جانب سے نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل پر تنقید سے متعلق سوال پوچھا گیا جس کے جواب میں سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں یہ اصول ہے جن لوگوں کے خلاف کیسز بنتے ہیں انہیں اپیل کا حق دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کو بھی حق ہوتا ہے وہ بات کرے، دنیا بھر میں ملزم کے بھی حقوق ہوتے ہیں،نواز شریف چاہے ملزم ہیں لیکن ان کے کچھ حقوق ہیں، یہی حقوق سپریم کورٹ اور آئین کی روشنی میں انہیں یہ گنجائش دیتے ہیں کہ وہ اپنے خلاف فیصلے پر اپیل دائر کرسکیں، ان سے یہ حق چھینا نہیں جاسکتا۔
سہیل وڑائچ نے کہا کہ تاحیات نااہلی کا معاملہ ایک آئینی و قانونی مسئلہ ہے کہ کیا یہ ممکن ہے بھی یا نہیں، اس معاملے میں قانون دانوں کے درمیان بحث بھی ہے کہ کسی شخص کو تاحیات نااہل نہیں کیا جاسکتا حتیٰ کے اس کے خلاف بہت سے ثبوت بھی موجود ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی صحت مند معاشرے میں جہاں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جاتے ہیں وہاں ملزمان کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جاتا ہے، نواز شریف کی اپیل اسی حق کی بنیاد پر دائر کی گئی ہے جو کہ جائز ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12sujhailkhan.jpg