نیب کا اہم سیاسی رہنماوں کے گرد گھیرا تنگ,نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف،سابق صدر آصف زرداری اور دیگر سیاست دانوں کے 80کرپشن کیسز بحال کرتے ہوئے احتساب عدالت اسلام آباد کو خط لکھ دیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایکشن لیتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 80کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے نیب نے رجسٹرار احتساب عدالت کو خط لکھ دیا جس کے بعد آج کیسز کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔
عدالتی حکم پر آصف علی زرداری، نواز شریف، مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی سمیت 80کیسز بحال کردیے گئے ہیں،اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھولا جارہا ہے,ذرائع نیب کورٹ کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹ کیسز بھی بحال ہوگئے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس کھل گیا، نواز شریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا ہے،ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب فہرست کے حساب سے آج ریکارڈ پیش کرے گی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پی ڈی ایم کےدورِحکومت میں ہونے والی نیب ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالتوں سے رجوع کیا تھا اور ان سے 50 کروڑ روپے سے کم مالیت والے کرپشن کیسز دوبارہ کھولنے کا کہا تھا۔
پی ڈی ایم حکومت نے ترامیم کرکے نیب کے اختیارات کو کم کردیا تھا اور اس کے تحت نیب 50 کروڑ روپے سے کم کے تمام کیسز کا نوٹس نہیں لے سکتا تھا۔
ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد نیب نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ، تمام صوبوں میں انسداد بدعنوانی کے محکموں، بینکنگ کورٹس اور پولیس کو بھی خط لکھ دیا ہے کہ وہ تمام مقدمات نیب کو واپس بھیج دیں، جو ان محکموں کو ان ترامیم کی وجہ سے بھیج دیے گئے تھے، جن کے تحت نیب کو 50 کروڑ روپے سے کم کے کیسز کا نوٹس لینے سے روک دیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے تقریباً ایک ہزار 800 بند کیسز کو عملی طور پر دوبارہ کھول دیا، تاہم پہلے سے طے شدہ یا نمٹائے گئے کیسز کو نیب کے ذریعے نہیں کھولا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/casea.jpg