
ملکی ٹی وی کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے پاکستان کی حالت زار پر افسوس کرتے ہوئے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملکی حالات پر خاموش رہنے کے بجائے ان پر بات کریں اور حکمرانوں پر زور دیں کہ وہ پاکستان کے حالات بہتر بنائیں۔
عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر ایک طنزیہ ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے پر سکون ماحول کو دکھاتے ہوئے اسے پاکستان قرار دے رہے ہیں۔ اداکار نے ویڈیو میں پانی کے نل کو کھول کر دکھایا اور کہا کہ پاکستان میں صاف اور تیز پانی بھی آ رہا ہے، بجلی بھی چل رہی ہے جب کہ گیس بھی آ رہی ہے۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج صبح جیسے ہی نیند سے اٹھے تو انہیں معلوم ہوا کہ ڈالر کا ریٹ کم ہو کر پاکستانی 25 روپے تک آ گیا ہے جب کہ ہر طرف سکون ہی سکون ہے۔
عدنان صدیقی نے ہوٹل کے کمرے سے شہر کے خوبصورت اور پرسکون نظاروں کی جھلک دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان ہے۔ سینیئر اداکار نے کہا کہ جی ہاں، یہ ان کا اور ان کے بڑوں کا پاکستان ہے، جس سے متعلق ان کے بڑے خواب دیکھتے دیکھتے اس دنیا سے گزر گئے۔
عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ جس طرح ان کے بڑے پرسکون اور خوشحال پاکستان کے خواب دیکھتے دیکھتے اس دنیا سے گزر گئے، اسی طرح وہ بھی ایسے ہی خوشحال اور پرسکون پاکستان کے خواب دیکھتے ہیں اور انہیں بھی لگتا ہے کہ وہ بھی ایسے ہی خواب دیکھتے دیکھتے اس دنیا سے رخصت ہوجائیں گے۔
انہوں نے سوال کیا کہ ان کے اور بڑوں کو چھوڑیں لیکن یہ وہ سوچتے ہیں کہ نئی نسل کا کیا ہوگا؟ عدنان صدیقی نے ویڈیو کے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی حالت زار پر خاموش رہنے کے بجائے بات کریں اور حکمرانوں سے حالات بہتر بنانے کا مطالبہ کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5adnanasiddiitanznznzn.jpg