
مسلم لیگ ن کی رہنما و رکن قومی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے اپنے نام سے بنائے گئے جعلی ٹویٹر ہینڈ ل چلانے والے کو ایف آئی اے سائبر کرائم کی دھمکی دیدی ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر حنا پرویز بٹ نے اپنے ویریفائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور کہا کہ میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں اس جعلی اکاؤنٹ کے خلاف درخواست دے رہی ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ اس جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے میری شہرت کو نقصان پہنچانے اور بدنیتی پر مبنی سوچ کے ذریعے میرے نام کو استعمال کیا جارہا ہے۔
حناپرویز بٹ نے جعلی اکاؤنٹ سے ہونے والی جس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اس میں مشہور بھارتی فلم "پی کے " کے ایک کردا ر پنڈت جی کی تصویر تھی جس میں لکھا گیا تھا کہ قائد انقلاب نواز شریف کے اسٹائل کو بھارت میں بھی کاپی کیا جاتا ہے۔

حنا پرویز بٹ کی دھمکی کے بعد جعلی اکاؤنٹ ہولڈر نے اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ کردیا ہے، حنا پرویز بٹ کی ٹویٹ پر صارفین نے بھی دلچسپ تبصروں کے انبار لگادیئے۔
ایک صارف نے حنا پرویز بٹ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ " پنجاب اسمبلی میں اس معاملے کے حوالے سے قرار داد پیش کرنا بھی نہ بھولنا"۔
ڈاکٹر نبیل چوہدری نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹ کی ٹویٹ پروموٹ کرنے کا طریقہ اچھا ہے، ویسے جس نے نہیں بھی دیکھی نا اب اس نے بھی دیکھ لی۔
شہزاد نامی صارف نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹ کی ٹویٹ وائرل نہ ہونے پر 1اعشاریہ 2 ملین فالورز والے حقیقی اکاؤنٹ سے ری ٹویٹ کردو، جس کو نہیں بھی پتا تھا اس کو بھی پتا چل گیا۔
ایک صارف نے کہا کہ نواز شریف اور اس پنڈت میں کوئی فرق نہیں دونوں مودی جی کی پوجا کرتے ہیں۔