
پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن علیم خان نے پارٹی سے ناراضگی کا بھرپور اظہار کردیا، علیم خان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پی ٹی آئی ہی ہٹا دیا، سوشل میڈیا پر نام تبدیل کرنے پر علیم خان کے اکاؤنٹ سے بلیو ٹک بھی ہٹادیا گیا ہے،علیم خان کے ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے،عبدالعلیم خان کا فیس بک اکاؤنٹ اب تک ویریفائیڈ یعنی بلیو ٹک والا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف کے علیم خان گروپ نے مشاورت کے بعد جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
علیم خان گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے پرویز الٰہی کی حمایت کرنی ہے یا نہیں اس کا فیصلہ علیم خان کریں گے،علیم خان نے کل اپنے ساتھیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد پرویز الٰہی سے متعلق جواب دیا جائے گا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت ان دنوں مرکز اور صوبہ پنجاب میں سیاسی مشکلات کا شکار ہے،مرکز میں وزیراعظم عمران خان کو حزبِ اختلاف کی جانب سے پارلیمان میں پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد کا سامنا ہے۔
صوبہ پنجاب میں اپنی ہی جماعت کے اندر بننے والے گروپس کا سامنا ہے جو ناراض ممبران پر مشتمل ہیں،حکومتی جماعت کے ناراض رہنما جہانگیر ترین ایک گروپ بنا چکے تھے جس میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے کئی ممبران ان کی حمایت میں ساتھ کھڑے تھے۔