
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں اور سوشل میڈیا ٹیم کو بڑی ہدایت کردی، چیئرمین عمران خان نے کہا ٹیم اس بات کواس بات کو یقینی بنائے کہ فوج اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر تنقید نہ ہو۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور پارٹی کے سوشل میڈیا مینیجرز کے گروپ میں ہدایت کی ہے کہ براہ کرم اس بات کو یقینی بنائیں کہ نئے چیف اور آرمی پر تنقید نہ ہو،عمران خان کی یہ ہدایت اس بات کا اشارہ ہے کہ پارٹی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اپنے مشکلات کا شکار تعلقات کو بہتر کرنا چاہتی ہے۔
پارٹی ذارئع کے مطابق جنرل عاصم کے آرمی چیف کی حیثیت سے تقرر کے بعد عمران خان ان کے بحیثیت وزیراعظم اور جنرل عاصم منیر کے درمیان جو کچھ ہوا اس کی پرچھائیں تک نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔
ادھر پی ٹی آئی سینئر رہنما فواد چوہدری نے عمران خان کی تازہ ترین ہدایت کی تصدیق یا تردید نہیں کی لیکن یہ کہا کہ پارٹی کی پالیسی یہ ہے کہ ادارے کے ساتھ کشیدگی اختیار نہ کی جائے،ماضی میں پی ٹی آئی کے کچھ افراد اور ان کی پالیسیوں پر مسائل رہے ہیں۔ ہمیں بحیثیت ادارہ فوج کے ساتھ کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہا،انہوں نے کہا فوج ملک کی سلامتی اور دفاع کیلئے بیحد ضروری ہے،
بدھ کو عمران خان نے جنرل ساحر شمشاد اور جنرل سید عاصم منیر کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نئی فوجی قیادت گزشتہ 8 ماہ سے جاری قوم اور ریاست کے درمیان اعتماد کے فقدان کو دور کرنے کی کوشش کرے گی، ریاست کو طاقت عوام سے ملتی ہے۔
عمران خان نے قائد اعظم محمد علی جناح کا ایک بیان بھی شیئر کیا تھا کہ کبھی نہ بھولیں کہ مسلح افواج قوم کی ملازم ہیں، قومی پالیسی بنانا آپ کا کام نہیں، یہ ہم سویلینز ہیں جو ان معاملات پر فیصلہ کرتے ہیں اور یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ وہ کام کریں جو آپ کے سپرد کیا گیا ہو۔’’ نئے آرمی چیف کے تقرر کے بعد، عمران خان اور پی ٹی آئی نے اپنی وہ پالیسی تبدیل کر دی جو وہ گزشتہ 8؍ ماہ کے دوران اختیار کیے ہوئے تھے۔ حکومت سے نکال باہر کیے جانے کے بعد سے عمران خان نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ پر شدید تنقید کی اور اسے اپنی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار قرار دیا۔
انہوں نے ادارے کی غیر جانبداریت پر بھی تنقید کی اور متعدد مرتبہ جنرل باجوہ ریٹائرڈ کے تحت ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کی کہ موجودہ حکومت کو ہٹا دیا جائے اور عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ ان تمام مہینوں کے دوران، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور فوج کی اعلیٰ کمان کو ہدف بنانے کی مہم جاری رکھی۔ ان مہمات میں توہین آمیز زبان بھی استعمال کی گئی۔ کچھ پی ٹی آئی رہنمائوں نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور اس کے اہم افراد کیخلاف ناشائستہ الفاظ بھی کہے۔
پہلے عمران خان کا اصرار تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس آرمی چیف لگانے کا اختیار نہیں۔ ان کی رائے تھی کہ جنرل باجوہ کو توسیع دی جائے، نئے انتخابات کرائے جائیں اور اس کے بعد آنے والی نئی حکومت نیا آرمی چیف مقرر کرے۔