
سابق وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری حکومت کمزور تھی دوبارہ میں ایسی کمزور حکومت کبھی قبول نہیں کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے راولپنڈی، اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس، نیشنل پریس کلب کے نمائندگان سے ملاقات کی ، اس موقع پرسابق وزیراعظم نےکہا کہ حقیقی آزادی کیلئے فیصلہ کن لانگ مارچ کا آغاز اسی مہینے سے کیا جائے گا، آئین و قانون کے اندر رہتےہوئے اپنی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے تیاری کررہے ہیں، موجودہ سیاسی و معاشی بحران کا واحد حل صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری حکومت میں بہت زیادہ پریشر تھا، عدالتیں یا نیب میرےاختیار میں نہیں تھیں، طاقتور تیل، شوگر اور بلڈرز مافیا نے نظام پر قبضہ کررکھا ہے ان لوگوں کی پوری کوشش ہے کہ مجھےنااہل کروایا جائے ،اسی لیے مجھ پر مقدمات قائم کیےجارہے ہیں، نواز شریف نے 16 ارب روپے کی کرپشن کی اور حکومت ملتے ہی ان کیسز سے بری ہوگئے۔
https://twitter.com/x/status/1582422808206135297
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم سے حکومتی چھینی گئی تو ترقی کی شرح6 فیصد تھی،جب ہمیں حکومت ملی تو ملک دیوالیہ ہوچکا تھا، اس ٹولے نے 6 ماہ میں ہی ملک کو دیوالیہ کردیا ہے،60 کی دہائی میں پاکستان سنگاپور اور جنوبی کوریا سے بھی آگے تھا اور آج سنگاپور میں فی کس آمدنی70 ہزار ڈالر جبکہ پاکستان میں صرف 2 ہزار ڈالر ہے، میں 26 سال سے جمہوریت اور عوام کی خاطر یکساں انصاف کیلئے سیاسی جدوجہد کررہا ہوں۔