
وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ شہیدبینظیر بھٹو کے قتل کا الزام دہشت گردوں،آمروں اور بزدلوں پر عائد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے یہ بیان سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر ٹویٹرپر جاری کیا، اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے بینظیر بھٹو کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج شہید بی بی کو ان کی سالگرہ پر یادکررہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی، غریبوں کی معاشی آزادی اور اسلام کے امن کے پیغام کو پھیلانے کیلئے30 سال جدوجہد کی۔
https://twitter.com/x/status/1539172949072158720
وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ میری والدہ کو دہشت گردوں، آمروں اور بزدلوں نے قتل کیا، مگر وہ آج بھی اس ملک اور دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں،بینظیر زندہ تھیں اور بینظیر موت کے بعد بھی زندہ ہیں، ان کے قاتلوں کیلئے اتنا کہنا چاہوں گا کہ "تم زندہ ہوکربھی مردہ ہو اوروہ مر کر بھی زندہ ہے"۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس سلسلہ وار ٹویٹ میں محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنان سمیت ہر شعبے سے تعلق رکھنےوالے نامور افراد بینظیر کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔