
ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں ق لیگی رہنما چودھری مونس الہٰی و دیگر کے خلاف بینکنگ جرائم کورٹ لاہور نے چالان داخل دفتر کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالت کی جانب سے جمع کرائے گئے چالان میں چودھری مونس الہٰی سمیت 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ مونس کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ مونس الہٰی سمیت دیگر کے خلاف درج مقدمہ خارج کردیا گیا ہے اور مقدمہ خارج ہونے کے بعد چالان کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔
یاد رہے کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات درج کی گئی تھیں، ایف آئی آر میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، بھانجے واجداحمد خان بھٹی، رحیم یار شوگرملز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمر شہریار اور طارق جاوید کے نام بھی شامل کیے گئے تھے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ نائب قاصد نواز بھٹی اور مظہر عباس نے مختلف بینکس میں اکاؤنٹس کھلوا رکھے تھے، 2 مبینہ فرنٹ مینوں کے اکاؤنٹس میں 24 ارب کی ٹرانزیکشن ہوئی جبکہ سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے بھانجے واجد احمد بھٹی بھی 9 فیصد کے شیئر ہولڈرز ہیں۔