
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت ایسی سیاست کررہی ہےجس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کےعلاقے سجاول میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسی سیاست نہیں دیکھی جہاں ملک کے اعلیٰ ترین مفادات کو قربان کرکے ذاتی مفاد کو ترجیح دی جائے، ملک کے ساتھ اس سے بڑا ظلم و زیادتی اور سازش کوئی اور نہیں ہوسکتی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ کل آئی ایم ایف کے بورڈ سے میٹنگ ہے اور ایک جماعت سیاست میں مصروف ہے وہ بھی ایسی سیاست جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، ۔
سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کو 25 ہزار روپے فی خاندان فراہم کیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں بلوچستان کے بعد سندھ میں رقم کی تقسیم شروع ہوچکی ہے، متاثرہ خاندانوں میں یہ رقوم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جارہی ہے کیونکہ اس پروگرام میں تمام ریکارڈ موجود ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت ہم سب کو اللہ سےمعافی مانگ کر ملک کے عوام کی خدمت کیلئے خود کو وقف کرنا چاہیے، ہمیں اللہ تعالی سے ڈرکر رحم مانگنا چاہیے،ہمیں ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔