
سیاسی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں،گیم چینجر آصف علی زرداری کے لاہور میں ڈیرے اور اہم سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہورمیں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی،گزشتہ روز چوہدری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر آصف زرداری کی ملاقات میں وفاقی وزیر چوہدری سالک،چوہدری شافع اورچوہدری سرور بھی شریک تھے۔
چوہدری شجاعت نے ملاقات میں آصف علی زرداری کو مشورہ دیا کہ سیاست بعد میں بھی ہوتی رہے گی، پہلے عوام کی فلاح کا سوچنا ہوگا،سیاسی رنجش کو ذاتی رنجش نہ بنائیں ، ملک کا سوچیں۔
https://twitter.com/x/status/1664875057582166016
انہوں نے کہا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے، بجٹ ٹیکس فری ہوناچاہیے،مہنگائی کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف دے۔
آصف زرداری نے لاہور میں وفاقی وزیر ایاز صادق سے بھی ملاقات کی اور ان کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔
دوسری جانب جہانگیر ترین سیاسی کھلاڑیوں کی سنچری مکمل کرنے کے قریب ہیں،70سے زائد موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیر ترین کی ٹیم میں شامل ہونے کی حامی بھر لی،سابق صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ نے جہانگیرترین سے ملاقات کر کے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے گروپ میں شمولیت اختیار کرلی۔
وزیر اعظم کے مشیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کر کے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔فیاض الحسن چوہان نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کے دوران گروپ میں شمولیت کا عندیہ دے دیا۔