
ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث اہم برادر ملک کے سربراہ کی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس میں آمد کھٹائی میں پڑ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اپوزیشن کی وزیراعظم پاکستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے باعث او آئی سی اجلاس میں وفد شرکت کرے گا جب کہ شہزادے کی آمد سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ ان کا ایسے حالات میں آنا ناممکن ہے۔
برادر اسلامی ملک کی جانب سے پیغام بھیجا گیا ہے کہ ایسے حالات میں اس ملک کے سربراہ نہیں آسکتے، ان حالات میں برادر ملک کے وزیرخارجہ کی سربراہی میں وفد پاکستان آئے گا اور اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کرے گا۔
یاد رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں 48 ممبر ممالک کے وزرا شرکت کریں گے۔ حکومت نے او آئی سی اجلاس سے پہلے ہی عدم اعتماد کا معاملہ نمٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ او آئی سی اجلاس کے وقت ملک سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
بعد ازاں حکومت نے اوآئی سی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 29 مارچ کو کرانے کا امکان ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2oickhatai.jpg