
ایک سال کی پہلے کے برعکس آج تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت اور عمران خان مقبول ترین لیڈر بن چکے ہیں: سینئر صحافی
سینئر صحافی وتجزیہ کار کامران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ انگنت پاکستانیوں کی طرح میں بھی بہت پریشان ہوں، ڈوبنے کا احساس مجھے اندر ہی اندر کھائے جا رہا ہے۔ پاکستان سے بہت سی شخصیات سے ملاقات ہوتی ہے جو پاکستان کی موجودہ صورتحال میں بہت پریشان ہیں۔ ہر شعبہ زندگی سے جڑا ہوا شخص پریشان ہے، مقبول ترین سیاسی جماعت اوراسٹیبلشمنٹ لیڈرشپ کے درمیان"آل از ناٹ ویل" کی کیفیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا اس بات پر ایمان ہے کہ پاکستانی فوج اور جوہری پروگرام پاکستان کی طاقت کا مرکز ہے، فوج کمزور ہوئی تو پاکستان کمزور ہو گا۔ ہماری قوم کی نظر میں فوج کی عزت میں کمی ہوئی تو خدانخواستہ پاکستان کی چولیں ہل جائیں گی۔ میری دیرینہ دعا، خواہش اور بھرپور کوشش ہے کہ 22 کروڑ عوام اپنی فوج سے والہانہ پیار کرے، حرمت پر جان قربان کر دے لیکن افسوس ہے کہ مجھے اپنے خواب پورا ہوتا نظر نہیں آرہا۔
کامران خان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے میں اتنا پریشان کبھی نہیں ہوا، معیشت زمیں بوس ہو چکی ہے، زندہ قوموں کی سب سے بڑی نشانی یہ ہوتی ہے کہ وہ حقائق تسلیم کرتی ہیں۔ زندہ قوموں کی لیڈرشپ شترمرغ کی طرح سر ریت میں نہیں دباتی، ایک سال کی پہلے کے برعکس آج تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت اور عمران خان مقبول ترین لیڈر بن چکے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1639953539291049986
عمران خان پاکستان کے نوجوانوں، اوورسیز پاکستانیوں کے سب سے پسندیدہ رہنما بن چکے ہیں جبکہ ایک دردناک حقیقت یہ بھی ہے کہ عمران خان اور سٹیبلشمنٹ لیڈرشپ میں اعتماد کا فقدان ہے۔ فوجی لیڈرشپ کی عمران خان سے بہت سی شکایتیں ہیں جن سے میں آگاہ بھی ہوں اور متفق بھی، عمران خان نے فاش غلطیاں کیں مگر تسلیم کرنا چاہیے کہ عمران خان کی بھی شکایات ہیں، تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ سٹیبلشمنٹ کا عمران خان سے وہی لگائو ہو جو آج وزیراعظم شہبازشریف، آصف علی زرداری اور فضل الرحمن سے ہے۔ دوسری طرف عمران خان بھی فوجی لیڈرشپ کیلئے اسی توقیر کو بحال کریں جسے ایک ڈیڑھ سال پہلے تک انجوائے کرتے رہے ہیں۔ خدارا! روابط بحال کریں، ذاتی انا، ماضی کی دوطرفہ غلطیاں پس پشت ڈال کر پاکستان کو بچائیں۔ عمران خان پوری کوشش واخلاص سےدوستی کے سفر کا آغاز کریں!
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kamranahaa.jpg