
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے ملک میں معاشی حالات کی بہتری کیلئے تاریخ دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خرم دستگیر نے اپنے ایک بیان میں ملک کی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال ستمبر کے بعد معاشی حالات بہتر ہونا شروع ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2013 میں بھی حالات اتنے خراب تھے کہ لوگوں کو لگتا تھا کہ اب پاکستان ٹھیک نہیں ہوسکتا، نواز شریف نے تب ملک کے حالات ٹھیک کیے،لوڈ شیڈنگ ختم کی اور کراچی سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ جب دوسری جماعتوں کی حکومتیں ملک کا بیڑہ غرق کردیتی ہیں تو کہا جاتا ہے ن لیگ کو لاؤ حالات ٹھیک ہوجائیں گے،اس بار بھی ہم کہہ رہے ہیں رواں سال ستمبر کے بعد حالات بہتری کی طرف گامزن ہوجائیں گے، ہم نے بجٹ میں یا اس سے پہلے جو فیصلے کیے وہ عوام کیلئے مشکل ہیں۔
ملک میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تشویشناک بات ہے کہ خواتین کی بڑی تعداد منشیات میں ملوث ہے، ہمارے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت ہورہی ہے، نشہ عام ہوتا جارہا ہے، ان یہ گھناؤنا کام ہمارے گھروں تک پہنچ گیا ہے۔