
معروف اداکارہ مشی خان نے مرحوم عامر لیاقت کیخلاف انکی زندگی میں ویڈیو جاری کرنے اور تنقید پر معافی مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ مشی خان نے اپنے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں وہ عامرلیاقت کی وفات پر روتی نظر آئیں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے عامر لیاقت کی وفا ت پر بہت دکھ اور افسوس ہے،اللہ تعالی ان کو جنت عطا فرمائے اور گھر والوں صبر جمیل عطا فرمائے۔
مشی خان نے کہا کہ میں بہت شرمندہ ہوں اور معذرت کرنا چاہوں گی۔وہ اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن میں بہت شرمندہ ہوں ، 2 دن سے میرے دل پر بہت بوجھ تھا۔پریشانی کے باعث میں ان کے لئے کوئی پیغام نہ دے سکی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انسان جذبات میں آ کرایسے الفاظ استعمال کرتا ہے جس کا بعد میں افسوس ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں دل سے معذرت خواہ ہوں اور اللہ تعالی سے بھی معافی مانگتی ہوں۔
مشی خان نے مزید کہا کہ میرے دل پر بہت بوجھ ہے، انسان خطا کا پُتلا ہے، مجھ سے بھی غلطی ہوئی، میں اللّٰہ تعالیٰ سے معافی مانگ رہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں عامر لیاقت کی شخصیت سے بہت متاثر تھی اور جب میں نے اُن کی ویڈیوز دیکھیں تو اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکی اور اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک زبردست شخصیت کا یوں اچانک دُنیا سے رخصت ہوجانا تکلیف دہ ہے۔ہم عامر لیاقت حسین کی بااثر شخصیت کو کبھی بھول نہیں سکیں گے۔
مشی خان نے روتے ہوئے کہا کہ قَسم سے بہت شرمندہ ہوں، میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں، میں عامر لیاقت کے تمام پرستاروں سے بھی دل سے معافی مانگ رہی ہوں۔
میں نے کبھی کسی کے خلاف کوئی ویڈیو نہیں بنائی لیکن مجھے نہ جانے کیا ہوگیا تھا کہ عامر لیاقت کے خلاف ویڈیو بنائی جس کی وجہ سے اُن کی دل آزاری ہوئی۔
واضح رہے کہ مشی خان ماضی میں عامرلیاقت کو متعدد مواقعوں پر سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناچکی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13misihikhansorrytoamlia.jpg