
پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے مضبوط ہو رہا اور آج مسلسل ساتویں دن انٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران اس کی قیمت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 13 پیسے سستا ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر 2 روپے 13 پیسے سستا ہوکر 221 روپے 91 پیسے کا ہو گیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے کمی سے 219 روپے میں فروخت ہوا۔
https://twitter.com/x/status/1557304068007235584
یاد رہے کی ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے18 روپے 3 پیسے کم ہو چکا ہے، 28 جولائی کو ڈالر 239 روپے 94 پیسے تک پہنچ گیا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر مصنوعی انداز میں بڑھائی گئی تھی، ڈالر کی حقیقت میں بنیادی قدر 180روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اب ادارے متحرک ہوئے جس کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی شروع ہوگئی۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 600 سے زیادہ پوائنٹس کا اضافہ ہوا، تاہم کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 398 اعشاریہ چھے ایک پوائنٹس اضافے سے 42 ہزار 494 اعشاریہ آٹھ پانچ پر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران 19 کروڑ 61 لاکھ 63 ہزار 157 شیئرز کا لین دین ہوا، کاروبار میں صفر اعشاریہ نو پانچ فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ روپے کی قدر میں ہونے والی آج کی بہتری متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے گزشتہ ہفتے پاکستانی کمپنیوں میں مختلف اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے اپنے ارادے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔
متحدہ عرب امارات اور پاکستان مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں جن میں گیس، توانائی کے بنیادی ڈھانچے، قابل تجدید توانائی، صحت کی دیکھ بھال، بائیو ٹیکنالوجی، زرعی ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، ای کامرس اور مالیاتی خدمات شامل ہیں۔
روپے کی قدر مئں جو مزید بہتری دیکھی جا رہی ہے اس کی وجہ اس ماہ کے آخر میں متوقع بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کی بورڈ میٹنگ ہے۔ توقع ہے کہ عالمی ادارہ پاکستان کے کیس کو تیز کرے گا اور ممکنہ طور پر آنے والے ہفتوں میں ملک کیلئے 1.17 بلین ڈالر دینے کی منظوری دی جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3psxdollar10ayug22.jpg