
مری میں برفانی طوفان کے باعث اب تک 21 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ایسے میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی کے معاملات پر غور فرماتے رہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سانحہ مری سے متعلق جہاں ایک طرف پورا ملک گہرے دکھ میں ڈوبا ہوا ہے وہیں وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں اس معاملے پر غور کیلئے وقت ہی نہیں نکالا جاسکا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جس وقت صوبے کے چیف ایگزیکٹیو کو مری میں پھنسے سینکڑوں سیاحوں کی زندگی بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت تھی وزیراعلی صاحب اس وقت پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق ایک اجلاس میں شریک ہونے پہنچ گئے ۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ پنجاب ایڈوائزری کونسل کی میٹنگ ہوئی جس میں وزیراعلی عثمان بزدار اور گورنر پنجاب خصوصی طور پر شریک ہوئے ، ڈھائی گھنٹے طویل اس میٹنگ میں تحریک انصاف پنجاب کے پارٹی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں شفقت محمود، فواد چوہدری اور عثمان بزدار سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی اور پارٹی کے ناراض اراکین کو منانے پر غور ہوا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے علم میں نہیں عثمان بزدار کونسی میٹنگ میں ہیں تاہم ان سے رابطہ ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے مری میں تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسز کھولنے کے احکامات جاری کردیئے تھے۔
واضح رہے کہ مری میں گزشتہ رات کی برف باری کے باعث اب تک اکیس افراد شدید سردی میں پھنسی گاڑیوں میں دم گھٹنے کے بعد جان کی بازی ہارچکے ہیں،جن میں پورے پورے خاندان بھی شامل ہیں، جبکہ بچے بھی سردی کی نذر ہوگئے ہیں، مری ملکہ کوہسار میں اب ہزاروں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4usmanbuzdartanqeed.jpg