ماہی گیروں کا تنازعہ،برطانیہ اور فرانس کی ایک دوسرے کو وارننگ

11franceujfishing.jpg

فرانس اور برطانیہ کے درمیان ماہی گیروں کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے، دونوں ملکوں کی جانب سے اب دھمکیوں کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ اور فرانس کے درمیان ماہی گیروں کو لائسنس کے اجراء کے تنازعے میں بیانات کے بعد دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پہلے برطانیہ نے فرانس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ فرانس 2 روز کے اندر اندر اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائے وگرنہ برطانیہ سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوجائے گا، اگر فرانس نے اپنے موقف میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو بریگزیٹ ڈیل کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔


برطانیہ کی جانب سے اس بیان کے جواب میں فرانس نے کہا کہ منگل سے ٹارگٹڈ اقدامات شروع کردیئے جائیں گے، ان اقدامات میں پڑوسی ملک سے آنے والی گاڑیوں کی سخت نگرانی بھی شامل ہوگی، برطانیہ کی جانب سے فرانسیسی ماہی گیروں کو لائسنس دینے سے انکار کے اقدام پر جوابی کارروائی کی جائے گی۔


برطانیہ کا کہنا ہے کہ فرانس کے ان تمام ماہی گیروں کو لائسنس جاری کیے جارہے ہیں جو پہلے بھی برطانوی علاقوں میں مچھلیاں پکڑا کرتے تھے۔

یادرہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس تنازعے میں شدت کے بعد فرانس نے گزشتہ ہفتے ہاروے کے نزدیک اپنے پانیوں میں موجود برطانیہ کا ایک ٹریلر بھی قبضے میں لے لیا تھا اور موقف اپنایا تھا کہ عملہ مطلوبہ دستاویزات کے بغیر سفر کررہا تھا۔