
سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزراء کا یہ انکشاف کہ ن لیگ کے چار اراکین نے کسی سے ملاقات کرکے مائنس نواز منصوبہ پیش کیا ہے ، ایسی کسی خبر کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
جی این این کے پروگرام " خبر ہے" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ میں نے چیک کیا ہے مگر ایسی کوئی خبر یا تصدیق نہیں ہوسکی، دوسرا نوا زشریف کی واپسی کا حکومتی دعویٰ بھی بے بنیاد ہے، یہ بے بنیاد بیانات درحقیقت ایک بڑے دھماکے کی تیاری ہے آپ سمجھیں کہ یہ بارود ی سرنگیں بچھائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر کیا خبریں دیں گے میں خبر دیتا ہوں کہ وزیراعظم کے ایک مشیر ہیں جن کی اہلیہ جرمن شہریت یافتہ ہیں، ان مشیر نےلندن میں بہت بڑی سرمایہ کاری کردی ہے اور بہت جلد یہ صاحب اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ پاکستان سے فرار ہونے والے ہیں۔
عارف حمید بھٹی نے مریم نواز کے جلد ہی حکومت کے گھر جانے کے بیان پر کہا کہ حکومت نہ اپنی مرضی سے آئی تھی اور نہ ہی اپنی مرضی سے جائے گی جو آپ کو پہلے لاتے تھے وہ اس بار ان کو لائے ہیں۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ایک شخص 2013 سے مدینہ کی ریاست کے نعرے لگاتا تھا کچھ دن پہلے اس شخص نے ریاست مدینہ کی ہستی ﷺ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی ہے، میں ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ اللہ کا واسطہ ہے ریاست مدینہ والی ہستی کی سیرت پر تھوڑا سا چلنا شروع کردیں بس ریاست مدینہ والے نعرے چھوڑدیں اس قوم پر قہر نازل ہوجائے گا۔