
لگتا ہے ایمپائر کو کوئی پرواہ نہیں ہے کہ کون ایماندار منتخب ہوتا ہے یا چور، ظفر ہلالی
سینئر تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کہا ہے کہ مجھے ایسے لگتا ہے کہ اب ایمپائر کو کوئی پرواہ نہیں ہے کہ کون منتخب ہوتا ہے، ایماندار یا کرپٹ، اور کس طریقے سے منتخب ہوتا ہے ووٹ سے یا پیسوں سے، یا ہارس ٹریڈنگ کرکے کامیاب ہو ، کسی کو کچھ پرواہ نہیں ہے۔
جی این این کے پروگرام " ویو پوائنٹ" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ظفر ہلالی نے کہا کہ ہماری بیچاری قوم خصوصا جو کم پڑھے لکھے لوگ ہیں انہیں یہ یقین دلادیا گیا ہے کہ مہنگائی عمران خان کی وجہ سے بڑھ ہے، اور یہ عمران خان کا ہی قصور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قوم کا ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو کہتا ہے کہ عمران خان چور نہیں ہے مگر نااہل ہے ، حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے ، عمران خان کی حکومت جتنی بھی اہل ہوتی یہ 3 سے 4 فیصد کی مہنگائی کو کم کرسکتے تھے اس سے زیادہ کسی کے بس میں نہیں ہے۔
ظفر ہلالی نے عدالتی نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہماری عدالتوں نے آج تک کسی بھی ایک کرپٹ سیاستدان کو نہیں پکڑا ہے، یہاں اوپن اینڈ شٹ کیسز ختم ہوجاتے ہیں، یہاں 16 واقعات ایسے ہوئے ہیں جن میں شواہد تباہ کردیئے گئے اور جلادیئے گئے ہیں۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ کراچی سے شروع ہونے والے پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں فائر بریگیڈ کے ٹرک اور پولیس موبائلز استعمال ہورہی ہیں، کوئی بتائے گا اس مارچ کے انتظامات کیلئے کتنے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، میرے نزدیک یہ ایک بہت برا آغاز ہے، حالانکہ ایسے لانگ مارچز کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ساری صورتحال میں مسلم لیگ ق بہت ہی مشکوک انداز سے برتاؤ کررہی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک کشتی سے دوسری میں چھلانگ لگانا چاہتے ہیں،بیٹا ملاقات کرتا ہے تو ایک بات کرتا ہے، والد ملتے ہیں کسی سے تو دوسری بات کرتے ہیں، اگر انہوں نے اپوزیشن کی حمایت نہیں کرنی تو صاف جواب دینے میں کتنی دیر لگتی ہے؟10 سے 20 منٹ میں آپ واضح موقف دے سکتے ہیں مگر یہاں تو دن گزر گئے مگر دھند چھٹنے میں ہی نہیں آرہی کہ ق لیگ چاہتی کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imrn1h1h2113.jpg