
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کسی پارٹی کا نہیں بلکہ ملکی ادارےکا سربراہ ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں اپنی رہائش گاہ کے باہر مریم نواز شریف کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کوئی انقلاب نہیں لارہا۔
لوگوں نے ان کے چار سالہ دور حکومت میں انقلاب کی حقیقت دیکھ لی ہے، ان کی جدوجہد صرف اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے ہے، آرمی چیف کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ ملک کا سربراہ ہوتا ہے۔
عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپ میری بات لکھ کر رکھ لیں یہ لانگ مارچ فلاپ ہوگا، عمران خان انقلابی نہیں بلکہ جھوٹا اور انتہائی غلط آدمی ہے، لوگوں کو چور چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور ہے، میں عمران خان نہیں ہوں کہ بنا سوچے سمجھے کوئی بات کردوں، مجھے بتائیں فارن فنڈنگ سے بڑی کون سی چوری ہے ، 50 ارب اور توشہ خانہ سے بڑا کوئی اسکینڈل ہے؟
https://twitter.com/x/status/1585321752065982465
نواز شریف نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو کوٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم نہیں ، ن لیگ نہیں بلکہ پی ٹی آئی سے فیصل واوڈا صاحب کہہ رہے ہیں کہ لانگ مارچ میں لاشیں گریں گی اور خون خرابہ ہو گا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کہنا تھا کہ عمران خان کو اب دوسری چیزوں کی ضرورت ہے کیونکہ ان کی اپنی سیاست فیل ہوچکی ہے، ان کا پلان اے، بی اور سی بھی فلاپ ہورہا ہے اب ان کی کوشش کوئی نیا انتشار پھیلانے کی ہے، لانگ مارچ کا مقصد پاکستان کی تباہی اور ملک میں فتنہ پھیلانا ہے۔