
لاہور ہائی کورٹ نے غیر قانونی تقرریوں سے متعلق کیس میں وزیراعظم عمران خان سمیت اہم حکومتی عہدوں پر براجمان شخصیات کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایپلٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو پاکستان (اے ٹی آئی آر) میں گریڈ 21 کے 10 افسران کی تقرریوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار نے وزیراعظم عمران خان، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سیکرٹری قانون سمیت اہم شخصیات کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار ایڈووکیٹ وحید شہزاد بٹ نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ 21ویں گریڈپر 10 افسران کی یہ تقرریاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن آرڈیننس1977 کی خلاف ورزی ہے جس کے مطابق گریڈ 16یا اس سے زائد گریڈ کے افسران کی تقرری فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائے گی۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ ایپلٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو میں گریڈ 21 کے جوڈیشل ممبران کی تقرری کا اختیار وزیراعظم کو دیا جانا انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 130 کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ان تقرریوں کو غیر قانونی و غیر آئینی ہونے کی وجہ سے کالعدم قرار دیا جائے اور 2 جون کو جاری ان تقرریوں کے نوٹیفکیشن کو بھی منسوخ کیا جائے۔
جس کے بعد عدالت نے وزیراعظم عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12lhcnoticepmik.jpg