
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار سے متعلق فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد ن لیگی رہنما ایاز صادق جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں خصوصی گفتگو کررہے تھے، میزبان شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ غیر سیاسی شخصیات نےلندن جاکر نوازشریف سے ملاقات کی ہے جس میں کچھ مذاکرات ہوئے ہیں، اس خبر میں کتنی صداقت ہے۔
ایاز صادق نے جواب دیا کہ نواز شریف بہت سے لوگوں کو ملتے ہیں ، ان میں کون کون سے لوگ شامل ہیں یہ تفصیلات تو بتانے کی نہیں ہیں، آپ کہہ رہے ہیں کہ لوگ ان سے لندن میں جاکر مل رہے ہیں تو کیوں مل رہے ہیں؟ اس لیے جارہے کہ ان لوگوں کے ہاتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ لوگ اس لیے نواز شریف سے ملنے جارہے ہیں کہ ن لیگ ایک مقبول سیاسی جماعت ہے جس کے ووٹرز اور اراکین اسمبلی کی جماعت سے وابستگیوں کو باوجود کوششوں کو کمزور نہیں کیا جاسکا ہے، دوسری جانب کے معاملات سب کو پتا ہے کہ کون اس حکومت سے جان چھڑانا چاہ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی قبل از وقت ہوگا کہ میں کہوں کہ آئندہ وزیراعظم کون ہوگا، وقت آنے پر فیصلہ کرلیا جائے گا اس کا اختیار نواز شریف کے پاس ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی تنازعہ نہیں ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ اگر ہمارے اراکین اسمبلی شہباز شریف اور ن لیگی ووٹرز مریم نواز کی جانب دیکھ رہے ہیں تب بھی ہم سب جس میں شہباز شریف اور مریم بی بی بھی شامل ہیں میاں نواز شریف کی جانب دیکھ رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ میاں صاحب خود ہی آکر سارے معاملات سنبھال لیں۔
نواز شریف کی واپسی بارے بات کرت ہوئے کہا کہ یہ تو اللہ تعالیٰ کو پتا کہ وہ کب آئیں گے مگر یہ میں کہہ سکتا ہوں کہ وہ ضرور آئیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13ayazsadiq.jpg