
وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے پر قانون سازی پر نظر ثانی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتحادی جماعتوں کی نئی حکومت نے آتے ہی انتخابی اصلاحات پر کام شروع کردیا ہے، حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی قانون سازی اور دیگر انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی اور ان جماعتوں سے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق دینے کی قانون سازی پر نظر ثانی کے علاوہ آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال نہ کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے بجائے پارلیمنٹ میں ان کیلئے نشستیں مختص کرنے پر غور کررہی ہے، ہم ایک غریب ملک ہیں دنیا بھر میں پولنگ اسٹیشنز قائم کرکے ووٹنگ نہیں کرواسکتے نہ ہی سفارتخانوں میں اتنے بڑے پیمانےپر ووٹنگ کروائی جاسکتی ہے۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو استعمال نہ کرنے کے معاملے پر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ووٹنگ مشینوں کو عام انتخابا ت میں استعمال کرنے سے قبل اس کا پائلٹ پراجیکٹ ضروری ہے۔